حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے اہل بیت عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین رمضانی کے ساتھ ایک ملاقات میں حضرت ابوطالب علیہ السلام کی مناسبت سے اس عظیم الشان سیمینار کے منتظمین کی قدردانی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے حضرت ابو طالب(ع) کی شخصیت اور عظمت کے بارے میں گفتگو کی۔
عزت مآب نے امت اسلامیہ کو حضرت ابو طالب(ع) کا مقروض قرار دیا اور فرمایا کہ حقیقتاً حضرت ابوطالب (ع) اور ان کے عظیم خاندان کی اسلام کے لئے بہت بڑی خدمات تھیں اور عام طور پر شیعوں اور مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ جتنا ممکن ہو سکے اس عظیم شخصیت کی شناخت اور معرفت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔اب تک جو کچھ بھی ہوا ہے اس کے باوجود ہم نے اس عظیم شخصیت کو متعارف کرانے میں کوتاہی کی ہے۔تاریخ اسلام کے یہ عظیم انسان تمام کمالات علم و ادب،صداقت اور شجاعت میں اس دور کے اسوہ حسنہ تھے اور اس ہستی کی زندگی پر جتنی بھی روشنی ڈال دی جائے پھر بھی ان کے سمندر فضائل کا ایک قطرہ بھی بیان نہیں کیا جاسکتا۔
کتاب فضل تو را آب بحر کافی نیست
که تر کنند سر انگشت و صفحه بشمارند!
مرجع جہان تشیع حضرت آیت اللہ العظمی صافی نے اس عظیم شخصیت کی شناخت کرانے کے سلسلے کی جانے والی خدمات کو توفیقات الہی قرار دیتے ہوئے مزید فرمایا کہ حضرت ابوطالب علیہ السلام کے نام کو زندہ کرنا دین اور مذہب کو زندہ کرنا ہے اور جان لیں کہ ان عظیم اور نیک کاموں میں حصہ لینا، خداوند متعال کی خاص نظر اور عنایت اور حضرت ابو طالب(ع) کے عظیم فرزند، یعنی امیر المومنین علیہ السلام کے فضل و کرم کے علاوہ ممکن نہیں ہے۔اس عظیم کامیابی کی قدر دانی کرتے ہوئے خدا کے شکر گزار ہوں۔
عزت مآب نے اس معنوی کانفرنس کو حوزہ علمیہ کیلئے باعث افتخار قرار دیا اور بیان کیا کہ ان شاءاللہ؛حوزہ علمیہ ان کانفرنسوں اور سیمینار کے علمی آثار کی برکت سے کئی سالوں سے استفادہ کر رہاہے اوراسلام کی اس عظیم ہستی کو متعارف کروانے پر اسے زیادہ توجہ دینےکی ضرورت ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی صافی گلپائیگانی نے آخر میں اہل بیت عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ میں؛ آپ کے ان اقدامات سے بہت زیادہ خوش ہوں اور رشک کرتا ہوں؛یَالَیْتَنی کُنْتُ مَعَکُمْ فَأَفُوْزَ فَوْزَاََ عَظِیْما.آپ کے لئے دعا گو ہوں اور امیدوار ہوں کہ حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کی عنایات کے سائے میں سلامتی کے ساتھ مزید کامیابیاں عطا ہوں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کے آغاز میں اہل بیت عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین رمضانی نے حضرت ابو طالب علیہ السلام کی شناخت اور معرفت کے سلسلے میں منعقد ہونے والی کانفرنس کی تفصیلی بریفنگ دی۔
آپ کا تبصرہ